محمد انصار اللہ خلجی کا سوات کا دورہ، ریجنل انفارمیشن آفس اور پریس کلب میں صحافیوں سے ملاقات

سوات: ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا محمد انصار اللہ خلجی نے ریجنل انفارمیشن آفس سوات اور پختونخوا ریڈیو سوات کا اچانک دورہ کرتے ہوئے دفتری امور اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ریجنل انفارمیشن آفیسر سوات خالد رحمان وزیر نے ڈی جی اطلاعات کو دفتر کی مجموعی کارکردگی، میڈیا کو سرکاری معلومات کی بروقت فراہمی اور حکومتی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی۔
محمد انصار اللہ خلجی نے ملاکنڈ ڈویژن کے ریجنل دفتر کا بھی معائنہ کیا اور سٹاف کی حاضری رجسٹر چیک کیا۔ غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
انہوں نے افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ سرکاری اقدامات، عوامی خدمات اور فلاحی منصوبوں سے متعلق درست اور بروقت معلومات عوام اور میڈیا تک پہنچانے کے لیے پیشہ ورانہ انداز میں کام کیا جائے۔
بعد ازاں ڈی جی اطلاعات خیبرپختونخوا نے سوات پریس کلب کا دورہ کیا اور صحافیوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صحافیوں کو درپیش مسائل، پیشہ ورانہ امور اور باہمی تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد انصار اللہ خلجی نے کہا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ صحافی برادری کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔



