مدین پولیس کی کارروائی: چوری میں ملوث گروہ گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کا سامان برآمد

مدین (زما سوات): تھانہ مدین پولیس نے چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک سرگرم گروہ کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کا چوری شدہ سامان برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق، گزشتہ چند دنوں سے مدین میں چوری کے کئی واقعات رپورٹ کیے گئے تھے۔ ڈی پی او سوات ناصر محمود نے ان واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اپر سوات شوکت علی کو ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔
ایس پی اپر سوات کی سربراہی اور ایس ڈی پی او سرکل مدین سید زمان شاہ کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ مدین حبیب سید نے پولیس ٹیم اور ڈی ایس بی اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کی۔ چوری کی وارداتوں میں ملوث تین ملزمان، حسین علی ولد شیر علی، مشتاق ولد عبدالرشید، اور کامران ولد عبدالغنی، ساکنان مدین، کو گرفتار کیا گیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ سامان برآمد کیا گیا، جس میں 5 گیس سلینڈر، 2 لیپ ٹاپ، 1 سی پی یو، 1 ٹیبلٹ، 7 موبائل فونز، 2 لاوڈ اسپیکرز، 5 گاڑیوں کی بیٹریاں، 12 گھڑیاں، طلائی زیورات، 3 بوریاں سریا، 1 عدد 14 انچ اسکرین، 1 اسٹیبلائزر، 1 راوٹر، اور 1 موٹرسائیکل شامل ہیں۔