مردان: طورو میرہ میں آبپاشی کے نالے کے تنازعے پر فائرنگ، چار افراد جاں بحق، تین زخمی

مردان کے علاقے طورو قاسم میرہ میں آبپاشی کے نالے کے تنازعے پر فریقین کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین سگے بھائی بھی شامل ہیں، جبکہ دو راہگیر بچے بھی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوئے۔
واقعے کی تفصیلات:
پولیس تھانہ طورو کے مطابق قاسم میرہ میں دو فریقین کے درمیان اراضی کے آبپاشی نالے کا تنازعہ چل رہا تھا۔ فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک فریق نے کھیتوں میں کام کرنے والے دوسرے فریق پر اچانک حملہ کر دیا۔ فائرنگ سے تین بھائی، ظاہر شاہ (58 سال)، جمال شاہ (45 سال) اور مرزا خان (40 سال) موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ کراس فائرنگ کے نتیجے میں فریق دوم سے تعلق رکھنے والا ہمایون بھی جان کی بازی ہار گیا۔
زخمیوں کی تفصیل:
1۔ سبز علی (37 سال) – زخمی
2۔ دو راہگیر بچے – زخمی
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد میڈیکل ٹیچنگ کمپلیکس (ایم ایم سی) منتقل کر دیا۔ ڈی ایس پی شیخ ملتون سرکل ارشاد خان کے مطابق پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔