آج کی خبریںسوات کی خبریں

معاوضہ کی عدم ادائیگی مٹلتان پاور سٹیشن پر کام بند،اہلیان علاقہ نے کمپنی کو تالے لگادئے

مٹلتان (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 20 جون 2018ء) مٹلتان پاﺅر ہاﺅس میں اراضی معاوضہ کی عدام ادائیگی کے خلاف اہلیان اشو مٹلتان کا احتجاجی مظاہرہ۔ جی آرسی کمپنی کے آفس کو تالا لگاکر کام بند کردیاگیا۔ معاوضہ کی ادائیگی اور معاہدے پر عمل درآمد تک کام کرنے نہیں دیں گے، اہلیان علاقہ، تفصیلات کے مطابق سوات کی وادی مٹلتان میں زیر تعمیر 84میگاواٹ پن بجلی گھر میں متاثرہ اراضی مالکان کو معاوضوں کی عدم ادائیگی ، غیرمقامی ملازمین کی بھرتیوں اور منصوبے میں شامل کالج اور ہسپتال کی عدم تعمیر کے خلاف سینکڑوں کی تعداد میں اہلیان اشو مٹلتان نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں علاقہ مشران حاجی صحبت، حاجی وظیف اللہ، حکیم ، کٹور خان ، کمین گل اور دیگر شامل تھے، احتجاجی مظاہرے میں وی سی نائب ناظم انجنیئرسعید بھی شامل تھے، اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے صوبائی حکومت، پیڈو اور جی آر سی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمشنر ملاکنڈ سمیت تمام اعلی افسران نے منصوبے میں متاثرین زمین مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کی یقین دہانی کی مگر اب تک معاہدے پر عمل نہیں کیا گیا۔ مظاہرے سے نوجوانوں نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کے ساتھ ایک کالج اور ہسپتال بھی منظور ہوا تھا۔ منصوبے پر کام جاری ہے، مگر ہسپتال اور کالج پر ابھی تک کام کا آغاز نہیں کیا گیا۔ مظاہرین نے ہجوم کی شکل میں جی آرسی کمپنی کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دفتر کی گیٹ کو تالہ لگاکر کام بند کردیا۔ انہوں نے نگران صوبائی حکومت، نگران وزیر اعظم جسٹس ناصرالملک اور دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ ان کو فوری طور پر معاوضہ ادا کیا جائے اور ان کے ساتھ کئے گئے معاہدے کو عملی جامہ پہنایاجائے، جب تک معاہدے پر عمل نہیں کیاجاتا وہ کسی کمپنی کو اس منصوبے پر کام کرنے نہیں دیں گے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button