ملالہ یوسفزئی 13 سال بعد شانگلہ پہنچ گئیں، بچپن کی یادیں تازہ

شانگلہ (زما سوات) نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی 13 سال بعد اپنے آبائی علاقے شانگلہ پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے بچپن کی یادیں تازہ کیں۔
ملالہ یوسفزئی نے سوشل میڈیا پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچپن میں ہر چھٹی کے دوران شانگلہ آتی تھیں، دریائے سندھ کے کنارے کھیلتی تھیں اور اپنے رشتہ داروں کے ساتھ کھانے کا لطف اٹھاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اتنے برسوں بعد دوبارہ یہاں آنا ان کے لیے انتہائی خوشی کا باعث ہے۔ شانگلہ کی خوبصورت وادی، برف پوش پہاڑ اور ٹھنڈے پانی میں ہاتھ ڈال کر بچپن کی یادوں کو تازہ کرنا ان کے لیے ایک جذباتی لمحہ تھا۔
ملالہ یوسفزئی نے حالیہ دہشت گرد حملوں، خاص طور پر بنوں میں ہونے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ہر گوشے میں امن و سلامتی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وطن کے ہر فرد کی حفاظت کے لیے دعاگو ہیں۔