ملاکنڈ سے اہم مطلوب دہشت گرد حسین عرف ازبک گرفتار
سوات(زما سوات ڈاٹ کام ) کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ ملاکنڈ ریجن نے ایک اہم کارروائی میں تحریک طالبان سوات کا اہم مطلوب دہشت گرد کمانڈر حسین علی عرف عبداللہ عرف ازبک کو گرفتار کر لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی ملاکنڈ ریجن نے بدوران انٹیلیجنس بیس آپریشن میں بشونئی ضلع بونیر کے رہائشی دہشت گرد کمانڈر حسین عرف ازبک کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک عدد پستول 30 بور مع 2 عدد میگزینز، 10 عدد کارتوس اور ایک دستی بم برآمد کیا۔
گرفتار دہشت گرد مختلف قسم کے دہشت گردی مقدمات میں سی ٹی ڈی پولیس اور مقامی پولیس ضلع بونیر کو مطلوب تھا، جس کے سر پر انعامی رقم 30 لاکھ روپے رکھی گئی تھی۔
مذکورہ دہشت گرد نے 2016 میں پولیس اہل کار کانسٹیبل فضل باری کو اغوا کر کے شہید کیا تھا، جب کہ 2020 میں دیگر دہشت گردوں کے ساتھ مل کر دوران آپریشن آرمی اور ایلیٹ فورس اہل کاروں پر فائرنگ کی تھی، جس میں 2 اہل کار شہید ہو گئے تھے۔
مطلوب دہشت گرد نے 2010 میں تخریب کاری کی غرض سے سپین جماعت بلو خان درہ کے مقام پر بم نصب کیا تھا۔
گرفتار دہشت گرد کمانڈر کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، دہشت گرد سے تفتیش جاری ہے، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین ازبک سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔