سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 30 مئی 2018ء) سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے ملاکنڈ ڈویژن کی جداگانہ حیثیت کے خاتمہ پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائل کے انضمام پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن آسمانی بجلی ملاکنڈ ڈویژن کے مظلوم عوام پر گرا دی گئی ہے ملاکنڈ ڈویژن کے جن ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے آرٹیکل 247 کے خاتمے کی حمایت کی اور ملاکنڈ ڈویژن کے جداگانہ حیثیت کو ختم کیا ہے قوم ان کو ہرگز معاف نہیں کرے گی ایک طرف فاٹا کو ریلیف دیدی گئی اور دوسری جانب ملاکنڈ ڈویژن سے ریلیف واپس لے لی گئی ، دوہرا معیار کیوں ہے؟ ہمیں ہماری قربانیوں کا یہ صلہ دینا جائز نہیں آرٹیکل 247 کے خاتمہ کی حمایت کرنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی قوم کے مجرم ہیں عید کے بعد ملاکنڈ ڈویژن کی سطح پر پوری قوم کی عدالت سجے گی اور ان ممبران کے کرتوت سے پردہ اُٹھایا جائے گا پورے پانچ سال میں ترقی کیلئے ایک اینٹ نہ رکھنے والے ممبران آخری تین ایام میں قوم کے دلوں پر چھری چلائی کاش اگر ہمارے حقیقی نمائندے ہوتے تو ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ فاٹا انضمام خوش آئند ہے لیکن ملاکنڈ ڈویژن کی جداگانہ حیثیت کا خاتمہ اور ٹیکس لاگو کرنا ہر گز قابل قبول نہیں رمضان شریف کے بعد ملاکنڈ ڈویژن کی سطح پر لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔