موجودہ حکومت غریبوں پر تعلیمی دروازے بند کر رہی ہے،میانگل شہریار امیر زیب
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔22ستمبر2017ء )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میاں گل شہر یار امیر زیب نے کہا ہے کہ کالجز پرائیویٹائز کرنے سے غریب کے بچوں پر تعلیم کے دروازے بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو ظلم کی انتہا ہے ، ایجوکیشن سرونٹ ایکٹ اساتذہ کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش ہے اس سے گریز کیا جائے ، صوبائی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی بدولت محکمہ تعلیم کو مسلسل تختہ مشق بنایا جارہا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مینگورہ میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس کے بچے تعلیم کے زیور سے آراستہ نہ ہوں اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کی ہر حکومت نے قابل قدر خدمات سرانجام دئیے ہیں اور اب بھی اگر سال 2018 کے الیکشن میں کامیابی ملی توہم سب سے پہلے شعبہ تعلیم کی ترقی کے لئے دوررس اقدامات اُٹھائیں گے۔ اس موقع پر مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اور الیکشن 2018 میں پارٹی کی کامیابی کے لئے بھر پور کردار اداکرنے کا اعلان بھی کیا ۔