مکان باغ سے شریف آباد لنڈیکس روڈ پر بلیک ٹاپنگ کا آغاز
سوات(زما سوات ڈاٹ کام ) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے مکان باغ سے شریف آباد لنڈیکس روڈ پر تارکول بچھانے کے کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ ہائی وے کے انجینئرز، سابق ضلعی کونسلر فضل ربی ان کے ہمراہ تھے۔ مینگورہ سٹی میں مکان باغ سے شریف آباد لنڈیکس روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا اور عوام کی جانب سے شکایات موصول ہورہی تھیں جس پر فضل حکیم خان یوسفزئی نے اپنے فنڈز سے روڈ کی بلیک ٹاپنگ کا آغاز کیا۔ دورے اور معائنہ کے دوران عوام سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ روڈ کی مرمت اور بلیک ٹاپنگ سے مینگورہ سٹی کی طرف جانے والی ٹریفک کوکافی حد تک سہولت میسر آئے گی اور سٹی روڈ پر ٹریفک کا رش بھی کم ہو جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح شہر کے اندر لنک روڈ پر محلہ لنڈیکس اور محلہ بنگلہ دیش بھاری ٹریفک شہر میں داخل ہوئے بغیر اپنی منزل کی جانب گامزن ہوگی جس سے سفری اوقات میں رہائشوں کو وقت کی بچت ہوگی۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ دوسرے علاقوں کی طرح ان کے اپنے حلقہ میں بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور مزید نئے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جن کی تکمیل سے علاقے میں مثبت تبدیلی آئے گی اور بنیادی سہولیات عوام کو دہلیز پر میسر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بڑے منصوبوں کے ساتھ ساتھ دیہی اور شہری علاقوں میں چھوٹے چھوٹے مسائل پر بھی توجہ دیں تاکہ لوگوں کے لئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جاسکیں