میزبان ٹورازم پروگرام: سوات، چترال، دیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے مستحق افراد میں 100 ملین روپے سے زائد کے بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم،

پشاور (نمائندہ خصوصی): معاون خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال نے میزبان ٹورازم پروگرام کے تحت مستحق افراد میں بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کیے۔
پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک عدیل اقبال نے کہا کہ میزبان ٹورازم پروگرام مقامی مرد و خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام عمران خان کے سیاحتی وژن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کے ساتھ مقامی معیشت کو بھی مستحکم کر رہی ہے اور مقامی آبادی کو روزگار کی فراہمی اس کی اولین ترجیح ہے۔
معاون خصوصی کے مطابق میزبان ٹورازم پروگرام کے تحت اب تک 109 مستحق افراد میں 100 ملین روپے سے زائد مالیت کے بلاسود قرضوں کے چیک تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال اور دیر کے مستحق افراد اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو خود کفیل بنانا صوبائی حکومت کے وژن کا اہم حصہ ہے اور حکومت سیاحت کے ثمرات براہِ راست مقامی آبادی تک پہنچانے کے لیے کمیونٹی بیسڈ ٹورازم کو فروغ دے رہی ہے۔
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی شاہد خان، خیبر بینک کے نمائندگان اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔



