مینگورہ: بھیک مانگنے والے بچوں کے خلاف کارروائی، 10 بچے ریسکیو، بچیوں کو “خپل کور فاؤنڈیشن جبکہ بچوں کو عارضی طور پر دارالکفالہ سوات میں رکھا گیا۔
صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈا پروگرام پر عملدرآمد کے تحت سوات میں بھیک مانگنے والے بچوں کے حوالے سے اہم کارروائی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ سوات کی ٹیم نے مینگورہ شہر میں گداگری میں ملوث بچوں کو ریسکیو کیا۔
کارروائی کے دوران 10 بچے بازیاب کیے گئے، جن میں بچیوں کو “خپل کور فاؤنڈیشن” منتقل کیا گیا جبکہ بچوں کو عارضی طور پر دارالکفالہ سوات میں رکھا گیا۔ بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل کرنے اور والدین یا سرپرستوں کے حلف نامے لینے کے بعد ان بچوں کو ان کے خاندانوں کے حوالے کر دیا گیا۔
چائلڈ پروٹیکشن یونٹ اور ضلعی انتظامیہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور گداگری جیسے سماجی مسائل کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے مسائل کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ مزید موثر کارروائیاں کی جا سکیں۔