آج کی خبریںسوات کی خبریں
مینگورہ: سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی پر قصائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 گرفتار

مینگورہ (زما سوات) ضلعی انتظامیہ سوات نے مینگورہ شہر میں سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے والے قصائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی آفتاب عالم نے پیپلز چوک، گوشت بازار اور وتکے اڈہ میں مختلف دکانوں پر اچانک معائنہ کیا، جہاں قصائی سرکاری نرخنامے کے برعکس 1300 روپے فی کلو گوشت فروخت کر رہے تھے۔
سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے والے قصائیوں کے خلاف تھانہ مینگورہ میں ایف آئی آر درج کروا کر انہیں جیل منتقل کر دیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔