آج کی خبریںسوات کی خبریں

مینگورہ ماسٹر پلاننگ پر اعلیٰ سطحی اجلاس، شہر کو زونز میں تقسیم کرنے کی تجاویز پیش

سیدو شریف میں کمشنر ملاکنڈ عابد وزیر کی زیر صدارت مینگورہ ماسٹر پلاننگ (2042–2024) سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ)، اربن پالیسی اینڈ پلاننگ یونٹ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ٹی ایم ایز، ڈبلیو ایس ایس سوات، سی اینڈ ڈبلیو، پولیس، ایگریکلچر سمیت مختلف محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں اربن پالیسی اینڈ پلاننگ یونٹ اور لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام نے مینگورہ شہر کی ماسٹر پلاننگ، مجوزہ لائحہ عمل اور اداروں کی ذمہ داریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق ماسٹر پلان کے تحت مینگورہ شہر کو تقریباً 17 سے 18 زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں کمرشل، رہائشی، تفریحی، سڑکوں اور دیگر تعمیراتی شعبوں سے متعلق تجاویز شامل ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مستقبل میں ان زونز میں تعمیرات کے لیے ڈپٹی کمشنر سوات کی سربراہی میں قائم ڈسٹرکٹ لینڈ یوز اینڈ کنٹرول کمیٹی سے اجازت لازمی ہوگی، جبکہ غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لیے لوکل یونٹ اینڈ انفورسمنٹ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

اجلاس کے دوران کمشنر ملاکنڈ نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر سوات ڈسٹرکٹ لینڈ یوز اینڈ کنٹرول کمیٹی کا اجلاس طلب کریں اور تمام متعلقہ اداروں کو ماسٹر پلان میں ان کے کردار اور ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جائے، تاکہ منصوبے پر مؤثر عمل درآمد ممکن ہو سکے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button