مینگورہ گریویٹی واٹر سپلائی منصوبہ نہایت ہی اہم منصوبہ ہے، جلد ہی عملی کام کا آغاز ہو گا، کمشنر ملاکنڈ
سوات(زما سوات ڈاٹ کام )مینگورہ گریویٹی واٹر سپلائی سکیم کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈویژنل کمشنر سید ظہیر الاسلام نے کی۔ اجلاس میں چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی، ایم پی اے عزیز اللہ گران، ایم پی اے سردار خان، ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان، اے سی بابوزئی شوزب عباس،اے سی چارباغ اقرار احمد وزیر، اے سی خوازہ خیلہ شکیل احمد، محکمہ دیہی ترقی کے آفیسرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے اجلاس کو منصوبے پر پیش رفت و ڈیزائننگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ مینگورہ کی شہری آبادی عرصہ دراز سے پانی کی فراہمی کے حوالے سے مسائل کا شکار ہے، مقامی آبادی کے مسائل کو دیکھتے ہوئے مینگورہ گریویٹی واٹر سپلائی منصوبہ متعارف کرایا گیا جس کی ڈیزائننگ مکمل کرلی گئی ہے، ڈیزائننگ کے لئے تجربہ کار ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، ماہرین نے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کے ڈیزائن مقامی حالات اور جدید تقاضوں کے ہم آہنگ کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے سے منسلک مقامی آبادیوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ ان کے آرا کو سامنے رکھتے ہوئے اتفاق سے آگے بڑھا جا سکے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے مقامی عوامی نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں نے منصوبے کے حوالے سے انتھک محنت کی ہے اور قلیل مدت میں منصوبے کے ڈیزائننگ اور دیگر امور نمٹانے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ مینگورہ گریویٹی واٹر سپلائی منصوبہ مینگورہ اور اردگرد کی آبادی کے لئے ایک تاریخی منصوبہ ثابت ہوگا جس سے علاقے میں پانی کے مسائل کا مکمل خاتمہ ہوگا۔