ننھا اتھلیٹ بن گیا وزیراعلیٰ کا مہمان، اذلان نے پورے صوبے کا نام روشن کر دیا، 3 لاکھ روپے نقد دینے کا اعلان
پشاور (زما سوات) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے انڈر 15 جونیئر میراتھن ریس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سات سالہ اذلان کو تین لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں اذلان کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دینے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔
اذلان نے 15 کلومیٹر کی میراتھن ریس میں پورے پاکستان سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی اور صوبے کا نام روشن کیا۔ اس موقع پر وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبدالناصر خان بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے اذلان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کم عمری میں ایسی شاندار کامیابی نہ صرف ان کی محنت بلکہ صوبے کے لیے بھی باعث فخر ہے۔ انہوں نے اذلان کو آئندہ کے لیے بھی ہر ممکن سپورٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں اور بچوں کے لیے کھیلوں کے فروغ کے لیے سرگرم ہے اور اذلان جیسے ٹیلنٹڈ بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔