قومی خبریں

نوازشریف کا وطن واپس آنے کا فیصلہ

لندن: سابق وزیراعظم نوازشریف نے وطن واپس آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ سزائیں میری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتیں اور میں اپنی جدوجہد جیل میں بھی جاری رکھوں گا۔

لندن میں مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ہر ہتھکنڈہ اپنایا گیا جس کی کوئی مثال نہیں ملتی، جس جدوجہد کا میں نے آغاز کیا اس میں اسی طرح کے فیصلے آتے ہیں اور سزائیں بھی ملتی ہیں، کوئی قید ہوتا ہے تو کوئی پھانسی پاتا ہے اور کوئی تاحیات نااہل قرار دیا جاتا ہے تو کسی کو وزارت عظمیٰ سے ہٹایا جاتا ہے۔

نوازشریف نے وطن واپس آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جو سزا دی گئی ہے یہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ کا رخ موڑنے کے جرم میں دی گئی ہے لیکن یہ سزائیں میری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتیں اور میں جیل میں بھی اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا اور تب تک جاری رکھوں گا جب تک عوام کو اس غلامی سے نکال نہ لوں جس میں چند جرنیل اور ججز مل کر قوم پر مسلط کردیتے ہیں اور جب تک ووٹ کو عزت اورعوام کو حق حکمرانی نہیں مل جاتا۔

واضح رہے احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 10 اور مریم نواز کو 7 جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button