نوشہرہ میں پی ٹی آئی کو شکست اپنے ہی دوستوں کی وجہ سے ہوئی، شوکت یوسف زئی کا صحافتی کنونشن سے خطاب
سوات (زما سوات ڈاٹ کام)صوبائی وزیر محنت وثقافت اور افرادی قوت شوکت علی یوسفزئی نے سوات پریس کلب میں دورزہ صحافتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا 11جماعتوں سے مقابلہ تھا، جس میں دوقومی سیٹ پی ٹی آئی نے ہی جیت لی، پنجاب میں پی ٹی آئی کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا، 2023 کے عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی میدان مارے گی، صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، صوبائی حکومت صحافیوں کے مسائل حل کررہی ہے، دنگرام سوات میں میڈیا کالونی کا افتتاح اس کا ثبوت ہے (خبر جاری ہے )
جسکا سارا کریڈٹ وزیر اعلیٰ محمود خان کو جاتا ہے، صوبائی حکومت صحافیوں کے ساتھ ساتھ صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، انصاف صحت کارڈ صوبے کی پوری آبادی کے لئے پاکستان تحریک کی حکومت کا تحفہ ہے، انہوں نے دو روزہ صحافتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ نوشہرہ میں پی ٹی آئی کی شکست اپنی ہی دوستوں کی وجہ سے ہوئی اس سلسلے میں اپوزیشن غلط فہمی میں نہ رہے، کرم میں جے یو آئی کی شکست مولانا فضل الرحمن کی سیاست کے خاتمے میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، قبائلی عوام نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف ایک بار پھر ملک کی سب سے بڑی جماعت ثابت ہوگئی اور اپوزیشن کا بیانیہ عوام نے مسترد کردیا، انہوں نے کہا کہ غنڈہ گردی کے باوجود مسلم لیگ ن اپنی ڈسکہ کی سیٹ نہیں بچا سکی، انتخابات کو پر امن بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اسلئے غنڈہ گردی پر ن لیگ کے خلاف کاروائی ہونی چاہیئے، ضمنی انتخابات میں دو اہم نشستیں ہارنے کے بعد اپوزیشن کا حکومت کے خلاف تحریک کا کوئی جواز نہیں بنتا، صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات جاری رکھے گی، صحافی برادری صوبائی حکومت کی سرگرمیاں اور ترقیاتی منصوبوں سے عوام کو اگاہ کریں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، دوروزہ صحافتی کنونشن میں ملاکنڈڈویژن کے نو ڈسٹرکٹ پریس کلبوں،پشاوراور اسلام آباد کے سینئر صحافی بھی شریک ہیں، پہلے روز کے سیشن میں صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کے خطاب سے پہلے خیبر پختونخوا کے سینئر صحافی شمیم شاہد، چکدرہ پریس کلب کے صدر شاہ فیصل افغانی، سوات پریس کلب کے چیئرمین محبوب علی، یونین آف جرنلسٹس کے صدر فضل رحیم خان، سوات الیکٹرانک میڈیا ایسو سی ایشن کے صدر شہزاد عالم اور حضرت بلال ماما جی نے بھی خطاب کیا، کے بعد روایتی موسیقی کا اہتمام کیا گیا جبکہ آج کا سیشن صبح 9:30 بجے سے سہ پہر 4بجے تک جاری رہیگا۔۔