والی سوات کی بیوہ نے ’ بنگلہ ‘ کی فروخت کا اشتہار جاری کردیا
سوات(زما سوات ڈاٹ کام)والی سوات کی بیوہ نے بھی بنگلہ کی فروخت کے حوالے سے اشتہار جاری کردیا،اشتہار میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے حصص درجائیدادموجودہ مارکیٹ ریٹ میں فروخت کریں گی۔ والی سوات کے بنگلہ کی فروخت کے حوالے سے زما سوات ڈاٹ کام نے ایک خبر شائع کی تھی جس کے بعد شاہی خاندان کے دیگر افراد نے بھی اشتہار جاری کیا تھا کہ وہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں۔ زما سوات ڈاٹ کام نے باوثوق ذرائع سے یہ تصدیق کرلی تھی کہ والی سوات کے بنگلے کا ایک حصہ جو مسماۃ بخت زیبا المعروف بیگم صاحبہ کا ہے انہوں نے فروخت کیا ہے ، تاہم بعد میں خبر نشر ہونے اور شاہی خاندان کے دیگر افراد کے میدان میں آنے کے بعد وہ ڈیل مبینہ طور پرمعطل کردی گئی تھی۔
والی سوات کی بیوہ مسماۃ بخت زیبا کی جانب سے ایک اشتہار جاری کیا گیا ہے جس میں وہ کہتی ہے کہ میں نے اپنے حصص درجائیدادمشتمل بر بنگلہ والی سوات تاحال فروخت نہیں کی ہے،البتہ میں مستقبل قریب میں فروخت کرنا چاہتی ہوں ( خبر جاری ہے )
اشتہار میں یہ بھی لکھا ہے کہ اگر دیگر ورثاء والی سوات جائیداد خریدنا چاہے تو وہ مارکیٹ ریٹ پر خرید سکتے ہیں اگر وہ مارکیٹ ریٹ پر خریدنے کے مجاز نہیں تووہ کسی بھی دیگر اشخاص پر اپنے حصے کی جائیداد فروخت کرسکتی ہیں۔
باوثوق ذرائع سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق والی سوات کے بنگلے کا ایک حصہ جو مسماۃ بخت زیبا کے نام ہے انہوں نے مبینہ طور پر مقامی ایم پی اے کے بھائی پر 25کروڑ میں فروخت کیا تھا جبکہ والی سوات کے دیگر ورثاء 15کروڑ دے رہے تھے۔
مسماۃ بخت زیبا کی جانب سے مارکیٹ ریٹ پر اپنے حصے کی فروخت کے اشتہار کے بعد یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ ’زما سوات ‘کی معلومات درست تھی کیونکہ اب اشتہار کے ذریعے والی سوات کے دیگر ورثاء پر یہ واضح کیا جا رہا ہے کہ وہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق ہی اپنا حصہ فروخت کریں گی چاہے کوئی بھی خریدیں۔