وزیراعظم کا تعلیمی نصاب میں تصوف کو شامل کرنے کا حکم
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے تعلیمی نصاب میں تصوف کو شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ تعلیم اور ایچ ای سی اصلاحات سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین ایچ ای سی نے وزیراعظم کو اعلی تعلیمی اصلاحات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میں تعلیم کا ترقیاتی بجٹ 29 ارب روپے تک بڑھا دیا گیا،لیکن بعض عناصر منفی ایجنڈا پھیلا رہے ہیں کہ کہ وفاق نے تعلیمی بجٹ کم کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تعلیم کا بجٹ دگنا تو ہو سکتا ہے مگر کم نہیں ہوسکتا، پی ایچ ڈی اور تحقیق کا معیار مزید بلند کیا جائے، جامعات میں بچوں کو تاریخ اور تصوف نہیں پڑھایا جاتا، اب تعلیمی نصاب میں تاریخ اور تصوف کو بھی شامل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 130 ارب روپے نوجوانوں پر خرچ ہوں گے، نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر بھرپور وسائل خرچ کر رہے ہیں، غیر ضروری طور پر ٹیکس کا پیسہ ضائع نہ ہونے دیا جائے، تعلیم کے لئے مزید رقم بھی درکار ہو گی تو فوری دیں گے، حکومت پڑھے لکھے معاشرے کی اہمیت پر یقین رکھتی ہے۔