آج کی خبریںقومی خبریں

وزیراعظم کے 47 غیرملکی دوروں پر 20 کروڑ 37لاکھ کے آخراجات آئے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اپوزیشن کے مطالبے پر وزیر اعظم عمران خان کے 3 سالوں کے دوران غیر ملکی دوروں کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ ایوان بالا میں پیش کردی گئی۔

سینیٹ میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سال 2018 میں 3 غیر ملکی دورے کیے، ان غیر ملکی دوروں پر 4 کروڑ 56 لاکھ 15 ہزار سے زائد اخراجات آئے۔ وزیراعظم نے 2018 میں متحدہ عرب امارات، چین اور ملائیشیا کا دورہ کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق سال 2019 میں وزیراعظم نے 16 غیر ملکی دورے کیے، ان غیر ملکی دوروں پر 11 کروڑ 69 لاکھ 11 ہزار سے اخراجات ہوئے۔ اس کے بعد وزیراعظم نے سال 2020 میں 4 غیر ملکی دورے کیے اور ان دوروں پر 1 کروڑ 36 لاکھ 37 ہزار سے زائد کے اخراجات آئے۔

سینیٹ میں پیش کی گئیں تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سال 2021 میں 5 غیر ملکی دورے کیے۔ وزیراعظم کے ان غیر ملکی دوروں پر 2 کروڑ 76 لاکھ 2 ہزار روپے سے زائد اخراجات آئے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے حلف اٹھانے سے اب تک 47 غیر ملکی دورے کیے۔ غیر ملکی دوروں پر 20 کروڑ 37 لاکھ 67 ہزار سے زائد کل اخراجات آئے۔

خیال رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن نے وزیر اعظم کے دوروں کی تفصیلات ایوان کو فراہم نہ کرنے پر واک آؤٹ کیا تھا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ بتایا جائے وزیر اعظم اپنے دور میں ابھی تک کتنے ممالک کے دورے کیے، وزیراعظم کے ساتھ کون کون کس حیثیت میں دوروں پر گیا۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ غیر ملکی دوروں کے دوروان کروڑوں خرچ ہوئے اس کے کیا فوائد ہیں، دورہ سعودی عرب کے دوران درجنوں افراد کس حیثیت سے ساتھ گئے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button