وزیراعلیٰ محمود خان اور مراد سعید کا سوات میں مختلف منصوبوں کا افتتاح
سوات(زما سوات ڈاٹ کام )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا خواتین کے لیے نادرا رجسٹریشن سنٹر کا افتتاح کرلیا جبکہ کبل سوات میں بھی خواتین نادرا رجسٹریشن سنٹر کا اعلان کردیا۔ جمعہ کے روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید سوات پہنچے ۔ دورہ سوات کے موقع پر انہوں نے مٹہ میں خواتین کے لئے نادرا رجسٹریشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر مراد سعید نے ذاکر خان شہید ہسپتال میں برن، ٹراما اور پلاسٹک یونٹ کا بھی افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ 9 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سال میں مکمل ہو گا،یونٹ 18 بیڈز پر مشتمل ہو گا جس میں میل ، فی میل اور بچوں کیلئے الگ الگ وارڈز ہوں گے ۔
تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان اور مراد سعید نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرر ہے ہیں، مینگورہ ہسپتال کھول دیا ہے ، سوات ایکسپریس وے کی توسیع بھی ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوری سے زرعی یونیورسٹی سوات میں باقاعدہ کلاسسز کا آغاز ہو گا، جون، جولائی میں بلڈنگ کی تعمیراتی کام پر بھی آغاز ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ پانچ سوکنال اراضی پر کبل میں انجینئرنگ یونیورسٹی بنا رہے ہیں جبکہ ویمن یونیورسٹی اور ڈینٹل کالج سوات کی منظوری بھی ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس کی فراہمی پر کام جاری ہے ، سیاست سے بالاتر ہو کر سوئی گیس گھر گھر پہنچانا ہے، سوات سمیت صوبے کے بچے بچے کو صحت انصاف کارڈ دیں گے ۔ سوات کے علاقوں مٹہ، کبل، مینگورہ میں شیلٹر ہومز بنارہے ہیں، خیبرپختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہے،سوات میں سیاحت کو فروغ دیا جارہاہے،سوات سمیت پورے صوبے کے لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں، ہماری نیت صاف ہے ، ترقی کی راہ میں ﷲ مددگار ہوگا ، وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مرادسعید نے کہا کہ سوات ایکسپریس وے کی توسیع ہو چکی ہے ،جس کیلئے وفاقی بجٹ میں 30 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔