وزیراعلیٰ محمود خان ایک کونسلر کی ذہنیت رکھنے والے شخص ہے، امیر مقام
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ چار سال تک حکومت کی ناکامی کے بعد اقتدار سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے عمران نیازی کے ماسٹر مائنڈ نے اب انہیں امریکہ مخالف نعرے کاایجنڈا دیا ہے۔
عمران نے اپنی وزیراعظم کی کرسی اور حکومت کو بچانے کے لئے ہر چیز پر بلاجوازسبسڈی دیکر ملک کو کنگال کردیا ہے۔اقتدار چھن جانے کے بعد ہواس باختہ ہونے والے عمران نیاز ی خود کو ہی آئین اور قانون سمجھ کر اداروں پر تنقید کررہے ہیں ۔وزیر اعظم شہبازشریف کی قیادت میں بننے والی حکومت آئینی مدت پوری کرنے آئی ہے ۔ اصلاحات اور الیکشن کمیشن کو مزید خود مختار ادارہ بناکر الیکشن کی طرف جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشیربننے کے بعد اپنے پہلے دورہ سوات کے دوران اپنی رہائش گاہ پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس سے قبل وہ سوات پہنچے تو لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور پھول نچھاورکرکے نعرے بھی لگائے ۔انجینئرامیر مقام نے کہاکہ چار سال تک حکومت میں رہنے کے باوجود بھی سابق وزیر اعظم عمران نے سوائے وقت گزاری اور وزیراعظم کی کرسی سے لطف اٹھانے کے سواکوئی عملی کام نہیں کیا اور ان کی پرفرمارمنس بالکل صفر اور مایوس کن رہی۔انہوں نے کہاکہ 2013 اور2018 کے انتخابات کے دوران دعوے اور وعدے کرنے والے عمران خان نے کسی وعدے کا پاس نہیں رکھا ۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو صوبے میں دوبار اقتدار عوام کی جذباتی کیفیت کے باعث ملا لیکن اب ان کے جھوٹ اور ناکامیاں سامنے آکر عوام کا بھی اعتماد اٹھ جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپنے دورہ سوات کے دوران میرے خلاف غیر مہذبانہ زبانی استعمال کرکے ثابت کردیا کہ وہ ایک کونسلر کی ذہینیت رکھنے والے شخص ہیں اور ان سے یہی توقع کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں کرپشن عام ہے اور ہر کام میں کمیشن لیا جاتا ہے جبکہ وزیراعلیٰ کے بھائی نے اپنی گاڑی میں دفتر میں قائم کرکے نوکریاں فروخت کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں سابق نااہل حکمرانوں کی وجہ سے8 ہزار میگاواٹ بجلی کے یونٹس فنی خرابی کے باعث بند پڑے ہیں جبکہ ایل این جی سمیت گیس کے لئے بھی کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں ۔جس کی وجہ سے گیس اور بجلی بحران نے سراٹھالیا ہے لیکن بہت جلد اس بحران پر قابوپالیں گے۔امیر مقام نے کہاکہ عمران خان کا جعلی خط اب مردہ گھوڑا بن چکا ہے اور قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اس خط کابھی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہواہے ۔
انجینئرامیرمقام نے کہاکہ اتحادی جماعتوں کے مابین مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور کوئی اختلاف نہیں ۔ہماری حکومت کا بنیادی مقصد ریفارمز اور ملک کی معیشت کو سنبھالا دینا ہے۔انہوں نے کہاکہ کہ پی ٹی آئی حکومت میں ہمیں انتقام کا نشانہ بنایا گیا ،لیکن ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیااور آج ہم سرخرو ہیں کہ مخالفین نے ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت نہیں کی ۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے دور کے گیس اوربجلی کے منصوبے پی ٹی آئی حکومت میں سردخانے کی نذر رہےلیکن اب بند منصوبے بھی شروع ہوں گے اور کالام روڈ اور رابطہ پلوں پر بھی دوبارہ کام شروع ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اپنی چھری دیکھ کر وزیراعلیٰ محمودخان جعلی منصوبوں کی تختیاں لگارہے ہیں ۔