وزیراعلیٰ محمود خان کا دورہ سوات، متعدد منصوبوں کا افتتاح، چند اہم منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپنے دوروزہ دورہ سوات کے دوران تحصیل مٹہ اوربحرین کا دورہ کیااور متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیااور چنداہم منصوبوںکا سنگ بنیاد بھی رکھا۔وزیراعلیٰ نے چپڑیال ڈیٹ پنئی روڈ مٹہ فیز1 کا افتتاح کیا ۔ اس کے علاوہ اُنہوں نے نو قائم شدہ ریسکیو سٹیشن مٹہ، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول مٹہ ،پیڈو ہسپتال بحرین ، گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر مدین اور نو تعمیر شدہ مدین ہسپتال کا بھی افتتاح کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے 6 کلومیٹر طویل ڈیٹ پنئی تا بیدرہ اور 9 کلومیٹر طویل چیل بشیگرام روڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھا (خبر جاری ہے )
سوات کی تحصیل بحرین کے علاقہ مدین میں عوامی اجتماع کا انعقاد کیا گیا تھا ،وزیراعلیٰ نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 2013 میں پاکستان تحریک انصاف نے صرف خیبرپختونخوا میں حکومت بنائی اور اس کے بعدوفاق، پنجاب ، خیبرپختونخواسمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی پی ٹی آئی برسراقتدار آئی ۔ 2023 کے الیکشن میں بھی عوام کے تعاون اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان تحریک انصاف سندھ سمیت ملک بھر میں حکومت قائم کرے گی ۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وہ واحد لیڈرہے جو اس ملک کو معاشی دلدل سے نکالنے کی صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں ۔ وہ صرف الیکشن کا نہیں سوچتے بلکہ وہ قوم کے روشن مستقبل اور کامیابی کا سوچتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تمام اقدامات اُٹھارہی ہے اور عوام کے وسائل ،عوام پرہی خرچ کر رہی ہے (خبر جاری ہے )
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا ” صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر منصوبوں کیلئے 100ارب روپےمنظور کئے گئے ہیں ۔ سوات موٹروے فیز ٹو پر رواں سال دسمبر میں کام کا آغاز کیا جائے گا۔ کالام میں بجلی کم قیمت پر فراہم کرنے کیلئے کالام۔ گبرال ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور گورکن مٹلتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جیسے اہم منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے ، حلقہ پی کے ۔2 میں عوام کی سہولت کیلئے پاسپورٹ آفس قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کالام میں سرمایہ کاروں کے اشتراک سے سکی ویلج بنایاجائے گاجس سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے “
محمود خان نے مزید کہاکہ نوجوانوں کو کھیل کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بین الاقوامی معیار کے کالام کرکٹ اسٹیڈیم پر کام ہو رہا ہے ،صوبے کے ہر شہری کو ملک کی سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے صحت کار ڈ پلس منصوبہ شروع کیا ہے جس کے ذریعے ہر گھرانہ ماہانہ 10 لاکھ روپے تک کا فری علاج کرا سکتا ہے ۔ کسانوں کی معاونت کیلئے کسان کارڈ کا اجراءکیا گیا ہے جس کے تحت کسانوں کو رعایتی نرخوں پر بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات اور دیگر سہولیات فراہم ہوں گی ۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومت فوڈکارڈاور ایجوکیشن کارڈ جیسے اہم منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔ فوڈ کارڈ کے ذریعے صوبے کے غریب اور متوسط طبقے کو ماہانہ کی بنیادوں پر مفت راشن فراہم کیا جائے گا۔ ایجوکیشن کارڈ کے ذریعے مستحق اور ذہین طلبہ کو تعلیمی اخراجات کی مد میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی ۔
وفاقی وزیر مراد سعید ، ایم این اے ڈاکٹر حیدر علی اور ایم پی اے میاں شرافت علی نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔