پاکستانی حکمرانوں نے بیرونی ایجنڈوں کی غلامی کی ہے، پروفیسر محمد ابراہیم خان
سوات(زما سوات ڈاٹ کام )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ حکمران امریکا کی غلامی کوترک کرکے اللہ کے طرف مائل ہوجائیں،پاکستانی حکمرانوں نے ہمیشہ سے بیرونی ایجنڈوں کی غلامی کی ہے،جس سے ہمیشہ پاکستا ن اور اسلام کو لا زوال نقصان پہنچا ہے،پوری دنیا کے انسانوں کی کامیابی اللہ تعالیٰ کی بندگی اور حضورؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہیں،حضور ؐ نے ہمارے لئے روشنی کا راستہ چھوڑا ہے۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر محمد ابراہیم خان نے المرکزالاسلامی سنگوٹہ میں جماعت اسلامی سوات کے زیر اہتمام تربیتی اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ اور محمد ؐ سے محبت رکھنے والے لوگوں کو سکون قلب حاصل ہوتاہے،وہ لوگ کبھی بھی مایوسی وبے چینی کا شکار نہیں ہوتے اور دنیا و آخرت میں کامیاب ہوتے ہیں، جن لوگوں کے دل اللہ اور اس کے رسول محمد ؐ کی محبت سے خالی ہیں ان کیلئے تباہی کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام ایک آفاقی مذہب ہے،اسلام کی دعوت ہر گھر تک پہنچانا ہمارا فرض ہے، اسلام کے خلاف سازشیں کرنے والے مٹ جائیں گے لیکن اسلام کو نہیں مٹا سکیں گے،اللہ کی کبریائی کااعلان قول و فعل دونوں صورتوں میں کرنا ہے۔اللہ کی حکومت دلوں کے اندر اور ملک کے اندر نافذ کرنے کی ضرورت ہے،اگر حاکم ہمارا للہ ہے تو ملک میں حاکمیت بھی اللہ کی نظام کی ہونی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا مقصد پاکستان سمیت پوری دنیا میں اسلام کا قیام ہے،دنیامیں امن کا قیام اسلامی تعلیمات کو اپنانے سے آئیگا نہ کہ انسان کے بنائے ہوئے قانون سے، انشاء اللہ جماعت اسلامی کی جد و جہد رائیگاں نہیں جائیگی بلکہ ایک نہ ایک دن پاکستان میں اسلامی نظام خوشخبری ملے گی۔اجتماع عام سے ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خالد فاروق،شیخ القرآن والحدیث مولانا صفی اللہ،شیخ القرآن والحدیث قاری لطیف اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔