پاک افغان سرحد پر آمدروفت منظم کرنے سے پولیو کو روکنے میں مدد ملے گی: وزیراعظم
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحدی علاقوں پر آمدورفت منظم کرنے سے پولیو وائرس کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان سے روٹری انٹرنیشنل کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت صدر روٹری انٹرنیشنل ہولگر نیئک نے کی۔ معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات پر روٹری انٹرنیشنل کے وفد کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ مہم میں ایک لاکھ سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں اور ڈھائی لاکھ پولیو ورکرز نے خدمات سرانجام دیں۔
معاون خصوصی نے بتایا کہ 5 سال سے کم 4 کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی گئی۔ روٹری انٹرنیشنل کے وفد نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک افغان سرحدی علاقوں پر آمدورفت منظم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں، ان اقدامات سے پولیو وائرس کو روکنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پولیو کے خلاف کام کرنے والے ہر تنظیم کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔