پریس کلب کے خلاف کیس خارج، صحافیوں نے ہائی کورٹ تک جانے کا اعلان کردیا
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سوات کی مقامی عدالت نے پریس کلب کے خلاف دعویٰ خارج کردیا جبکہ مخالف فریق کے صحافیوں نے دوبارہ اپیل اور ہائی کورٹ تک جانے کا اعلان کردیا۔
سوات میں صحافیوں کے تیسرے گروپ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کی جانب سے پریس کلب میں ممبر شپ کے حصول کے لئے کیس دائر کیا گیا تھاجسے آج مقامی عدالت نے اس بات پر خارج کردیا کہ پریس کلب کا ایک آئین موجود ہے جس کے تحت صحافی درخواست دے سکتا ہے جس کیلئے پریس کلب کی اپنی ممبر شپ کمیٹی ہے جو اس کا فیصلہ کرتی ہے عدالت کے معزز جج نے فیصلہ دیتے ہوئے صحافی رفیع اللہ اور ان کے ساتھیوں کی درخواست خارج کردی۔اس حوالے سے صحافیوں کے تیسرے گروپ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے چیئر مین رفیع اللہ خان نے کہا کہ وہ دوبارہ اپیل دائر کریں گے اور ہائی کورٹ تک جائیں گے، رفیع اللہ نے کہا کہ ہمارے گروپ کے 14صحافیوں سمیت متعدد صحافی پریس کلب سے باہرہے جن کو ممبر شپ ملنا اُن کا حق ہے اور اِس حق کے حصول کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔