آج کی خبریںخیبر پختونخواہ

پشاور: خیبرپختونخوا امن جرگہ کا 15 نکاتی اعلامیہ جاری، صوبائی خودمختاری اور امن کے قیام پر زور

پشاور میں خیبرپختونخوا امن جرگہ نے صوبائی خودمختاری، امن و استحکام اور معاشی حقوق کے تحفظ سے متعلق 15 نکاتی اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اعلامیے میں وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان ہم آہنگی، صوبے کے وسائل کے تحفظ اور عوامی شمولیت کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق وفاق اور صوبائی حکومت اپنی عملداری صوبے کے تمام علاقوں میں یقینی بنائیں جبکہ ایکشن اِن ایڈ آف سول پاور ریگولیشن جیسے متنازع قوانین کے خلاف صوبائی اسمبلی کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔

جرگے نے مطالبہ کیا کہ داخلی سیکیورٹی کی ذمہ داری پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کے سپرد کی جائے اور کسی بھی آپریشن سے قبل صوبائی اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ صوبائی اسمبلی کو ان کیمرہ سیشن میں سیکیورٹی بریفنگ دی جائے اور صوبائی حکومت ایک جامع صوبائی ایکشن پلان تشکیل دے۔ امن جرگے نے پاک افغان بارڈر کے تجارتی راستے کھولنے، خارجہ پالیسی میں صوبے کی شمولیت اور وفاق و صوبے کے درمیان تناؤ کم کرنے پر بھی زور دیا۔

مزید برآں، جرگے نے مطالبہ کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل (CCI) کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں، صوبے کے آئینی مالی حقوق پر مکمل عمل درآمد کیا جائے اور مقامی حکومتوں کو آئینی طور پر مضبوط بنا کر این ایف سی ایوارڈ سے منسلک کیا جائے۔

اعلامیے میں بھتہ خوری کے خاتمے، دہشتگردوں کے مالی ذرائع کے انسداد اور صوبائی سطح پر امن فورمز کے قیام کی سفارش بھی کی گئی تاکہ پائیدار امن اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جا سکیں۔

Related Articles

Loading...
Back to top button