آج کی خبریںسوات کی خبریں

پشاور: پختونخوا حکومت کا بڑا قدم، قوتِ سماعت سے محروم بچوں کیلئے کوکلئیر ایمپلانٹ پروگرام کا آغاز

پشاور (نمائندہ خصوصی) خیبرپختونخوا حکومت نے قوتِ سماعت سے محروم بچوں کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (HMC) پشاور میں باضابطہ کوکلئیر ایمپلانٹ پروگرام کا آغاز کر دیا۔ یہ اقدام پاکستان بیت المال کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد پیدائشی طور پر سننے سے محروم بچوں کو دوبارہ سننے کی صلاحیت دینا ہے۔

اس پروگرام کے تحت چھ ماہ سے لے کر پانچ سال تک کے بچوں کا مفت علاج کیا جائے گا، جو کہ حکومت کے فلیگ شپ منصوبے ’صحت کارڈ‘ کے تحت فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس سہولت کی بدولت مستحق خاندانوں پر مالی بوجھ کم ہو جائے گا اور وہ اپنے بچوں کو معیاری طبی سہولیات دلوا سکیں گے۔

محکمہ صحت کے مطابق کوکلئیر ایمپلانٹ کے ذریعے ان بچوں کو نئی زندگی ملے گی جو پیدائشی طور پر قوتِ سماعت سے محروم ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خیبرپختونخوا حکومت کی صحت کے شعبے میں اصلاحاتی کوششوں کا عملی مظہر ہے، جس کا مقصد ہر طبقے کو برابر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر قوتِ سماعت سے محروم بچوں کا بروقت علاج کیا جائے تو وہ نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔ پروگرام کے آغاز پر والدین کی جانب سے بھی حکومت کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button