پولیس شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سوات پولیس لائن میں پُروقار تقریب کا انعقاد
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 04 آگست 2018ء) سوات میں دہشت گردی کے دوران ایس ایس پی سے لیکر سپاہی تک 122 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہادت پانے والے ان پولیس اہلکاروں میں ایس ایس پی خورشید خان، ڈی ایس پی جاوید اقبال، ڈی ایس پی عبدالودود،ایس ایچ او حبیب زمان خان،سب انسپکٹر شیرعلی خان، سب انسپکٹر سید رحمان سمیت دیگر افسران اور جوان شامل ہیں۔ بیشتر افسران اور اہلکار خودکش اور دیگر بم دھماکوں میں نشانہ بنائے گئے جبکہ متعدد کو ٹارگٹ کلنگ کے دوران نشانہ بنایا گیا۔ ان شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سوات پولیس لائن میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کمشنرملاکنڈ ڈویژن ظہیر الاسلام ،ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن محمد سعید وزیر ،بریگیڈ ئر کاشف عباسی،ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اور ڈی پی او سوات اشفاق انور کے علاوہ شہدائے پولیس کے اہل خانہ اور بچوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہدا کی بہادری پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف ویڈیوکلپ چلائے گئے۔ مقررین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سوات کی پولیس نے قوم کے کل کے لئے اپنا آج قربان کردیا اور امن کی بہار لے آئی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ امن کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون جاری رکھا جائے گا