پٹرول اور آٹے کی قلت موجودہ حکومت کی عوام دشمنی کا ثبوت ہے،فضل رحمان نونو
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری فضل رحمان نونو نے کہاہے کہ پٹرول اورآٹے کی قلت سمیت بدترین مہنگائی موجودہ حکومت کی عوام دشمنی کا زندہ ثبوت ہے،مرکز اور صوبے میں برسراقتدارہونے کے باوجود حکمرانو ں نے عوام کے مسائل کے حل اور انہیں سہولیات کی فراہمی کیلئے کسی قسم کا سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا،میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ کرونا کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات اطمینان بخش اور تسلی بخش نہیں اور دوسری جانب پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا ڈرامہ رچاکر مارکیٹ سے پٹرول غائب کردیاگیا جس کے سبب عوامی پریشانیاں مزیدبڑ ھ گئی ہیں،انہوں نے کہاکہ پٹرول اورآٹے کے بحران کے سبب عوام دردر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبورہیں،ایک طرف کرونا نے عوام کو ذہنی کرب میں مبتلا کررکھاہے اور دوسری طرف پٹرول،آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کے بحران اور مہنگائی نے رسی سہی کسرپوری کرکے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے،انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت پر محاذ اورہرسطح پر ناکام ہوچکی ہے جس کے سبب عوام کا موجودہ حکمرانوں پر سے اعتماد اٹھا چکاہے۔