پی سی بی نے عمر اکمل کو معطل کر دیا، پی ایس ایل سے بھی آؤٹ
اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کو معطل کر دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے جس کے بعد عمر اکمل اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فی الحال عمر اکمل کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں لہٰذا بورڈ اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق عمر اکمل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے پی ایس ایل میں حصہ نہیں لے سکتے اس لیے تحقیقات کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 2020 کے لیے عمر اکمل کے متبادل کھلاڑی کا انتخاب کرنے کی اجازت ہو گی۔
پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کیا ہے؟
اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت پی سی بی (ا): یہ طے کرے کہ کسی بھی فریق کو اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت چارج کرنا ہے۔ یا (ب): فریق کسی بھی فوجداری جرم میں ملوث ہو جس میں پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا ہو یا پھر کوئی الزام عائد کیا گیا ہو۔ مندرجہ بالا نکات کے تحت پی سی بی کے پاس یہ صوابدیدی اختیار موجود ہے کہ وہ کھیل کی ساکھ کو مجروح کرنے پر متعلقہ فریق کو اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت عبوری طور پر معطل کر سکتا ہے جب تک کہ اینٹی کرپشن ٹربیونل یہ فیصلہ نہ کر لے کہ متعلقہ فریق نے جرم کا ارتکاب کیا ہے یا نہیں۔ عبوری طور پر معطلی سے متعلق کسی بھی فیصلے کی ایک تحریری کاپی متعلقہ فریق، ایک آئی سی سی اور ایک قومی کرکٹ فیڈریشن کو بھجوائی جائے گی۔