پی ٹی آئی سے ٹکٹ وصول کرنے والے نااہل افراد کو نہیں جیتنے دینگے، پی ٹی آئی نظریاتی کارکنان
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ، تازہ ترین۔ 09 جون 2018ء) خان صاحب کو شرمندہ نہیں ہونے دینگے، نااہل افراد کو نہیں جیتنے دینگے، پی ٹی آئی نظریاتی کارکنان ، تفصیلات کے مطابق ٹکٹوں کی تقسیم پر پی ٹی آئی سوات کے بنیادی ونظریاتی کارکن ناراض ہیں ، پارٹی کی طرف سے نامزد امیدواروں کے خلاف کھلم کھلا مخالفت کا اعلان کردیا۔ جمعہ کی شب بائی پاس مینگورہ میں پی ٹی آئی کے سرکردہ 30 کے قریب نظریاتی ودیرینہ رہنماؤں کی سربراہی میں ایک ھنگامی اجلاس ہوا جس میں پارٹی کی طرف سے ٹکٹوں کی تقسیم پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماؤں نے سابقہ ایم پی ایز کو دوبارہ پارٹی ٹکٹ دینے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ افراد بطور ایم پی ایز عوام کی خدمت نہ کرسکے ہیں، مینگورہ شہر کی ستر فیصد آبادی تاحال پینے کی صاف پانی سے محروم ہے، پارٹی کی طرف سے ایسے افراد کو دوبارہ ٹکٹ دینے سے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور ان امیدواروں کی وجہ سے پی ٹی آئی سوات میں شکست سے دوچار ہوسکتی ہے۔ ناراض پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم نے پارٹی کو درجنوں افراد کی درخواستیں دی تھیں کہ ان میں سے کسی کو بھی الیکشن لڑنے کیلئے ٹکٹ دئے جائیں تاہم پارٹی نے اپنے کارکنوں کی رائے کو یکسر نظر انداز کردیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر حلقہ میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کے مقابلے میں آزاد امیدواروں کو لایا جائیگا اور پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکن اپنے آزاد امیدواروں کو سپورٹ کرینگے۔