چوتھا بلدیاتی الیکشن؛ سندھ میں نئی حلقہ بندیوں کے احکامات جاری
کراچی(ویب ڈیسک)الیکشن کمیشن نے صوبہ سندھ میں نئی حلقہ بندیوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ صوبائی الیکشن کمیشن نے صوبہ سندھ کے تمام ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ صوبے میں چوتھے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے یونین کونسلز، یونین کمیٹیوں اور وارڈز کی نئی حلقہ بندیاں کی جائیں، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیاں کرنے کے لیے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تمام ضلعی الیکشن کمشنرز سے حلقہ بندیوں سے متعلق ضروری معلومات بھی طلب کر لی ہیں،
مراسلے میں تمام ضلعی افسران کو معلومات 17 اپریل تک ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، قانون کے مطابق بلدیاتی حکومت کی میعاد ختم ہونے کے120دن کے اندر الیکشن کرانا لازمی ہوگا۔ مراسلے کے مطابق لوکل کونسلز کی نئی حلقہ بندیاں مردم شماری 2017 کے مطابق آبادی کے لحاظ سے کی جائیں گی، سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کے لیے3رکنی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، صوبائی الیکشن کمشنر نے ضلعی الیکشن افسران کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کر دی ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سندھ میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت اگست 2020 میں ختم ہوگی، ذرائع کے مطابق آیندہ بلدیاتی الیکشن کے لیے ترمیمی لوکل گورنمنٹ ایکٹ کا مسودہ طلب کر لیا گیا ہے، صوبے میں بلدیاتی الیکشن کے لیے کونسلز اور نشستوں کی تعداد بھی مانگ لی گئی ہے۔