چینہ مارکیٹ سے اغوا ہونے والا بچہ باحفاظت بازیاب، خاتون اغواکارہ گرفتار
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) مینگورہ پولیس کی کارروائی، چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر اِغوا شدہ ڈھائی سالہ بچے کو بازیاب کرالیا، اِغوا کار خاتون گرفتار۔مینگورہ پولیس سٹیشن میں ایڈیشنل ایس پی ارشد خان اور ایس پی انوسٹی گیشن شاہ حسن خان نے ایس ایچ اُو مینگورہ تھانہ طارق خان کے ہم راہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ روز چینہ مارکیٹ سے ڈھائی سالہ بچہ مروان لاپتا ہوگیا۔ جب رپورٹ درج ہوئی، تو پولیس نے سائنسی طریقے سے تفتیش کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر اِغوا کار خاتون جس کا نام پشمینہ عرفِ رانی زوجہ جاوید ہے اور فیض آباد سیدو کی رہائشی ہے، کے گھر پر لیڈی پولیس کانسٹیبل کی مدد سے چھاپا مارا اور بچہ بازیاب کرالیا۔انھوں نے مزید کہا کہ تفتیش کے دوران میں پولیس نے 45 مختلف کیمروں کی فوٹیج حاصل کی۔ اس کے علاوہ مختلف بازاروں کے کیمرے بھی چیک کیے گئے۔ تمام فوٹیج کی چھان بین کے بعد پتا چلا کہ اِغوا کار خاتون کہاں سے چینہ مارکیٹ انٹر ہوئی، کس طرح بچے کو اُٹھایا اور کن کن راستوں کے ذریعے گھر پہنچی۔انھوں نے کہا کہ اِغواکار خاتون سے تفتیش جاری ہے، اس لیے کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ خاتون پیشہ ور اِغوا کار ہے یا اس عمل کے پیچھے اس کا کیا مقصد ہے۔