ڈاکٹروں اور طبی عملے کے تحفظ کا احساس ہے، اقدامات کر رہے ہیں: وزیراعظم
پشاور(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کورونا کا دباؤ بڑھے گا مگر حکومت ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلکس کا دورہ کیا جہاں انہیں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے کیے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے تحفظ کا احساس ہے۔ “میں یقین دلاتا ہوں ہم آپ کے ساتھ ہیں آپ کی حفاظت کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
” انہوں نے کہا کہ ہمیں موجودہ صورتحال میں کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ بھوک سے بھی نمٹنا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹوں کی بندش سے خریداری میں مشکلات ہیں مگر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) چین اور دیگر ممالک سے امدادی سامان لا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کورونا وائرس سے متاثر ہوئی ہے اور عالمی مارکیٹوں کی بندش سے خریداری میں مشکلات ہیں۔ واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے باعث متاثرین کی مجموعی تعداد 4699 ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 68 تک پہنچ گئی ہے۔