ڈپٹی کمشنر کا بیوٹیفکیشن پراجیکٹ میں جاری منصوبوں کا اچانک معائنہ
سوات (زما سوات ڈاٹ کام:20جنوری2018ء) ڈپٹی کمشنر سوات عامر آفاق نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر بیو ٹیفیکیشن پراجیکٹ کے تحت جاری منصوبوں کا معائنہ کیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی شہاب محمد خان ، ٹی ایم او مینگورہ احسان اللہ خان ، چیف ایگزیکٹیو واسا اور نیسپاک کے انجینئرز بھی ان کے ہمراہ تھے ، انہوں نے زیر تعمیر جنرل بس سٹینڈ مینگورہ ، سبزی منڈی ، ودودیہ ہال و سیدو میڈیکل کالج کی چار دیواری ، مرغزار خوڑ کے کناروں کے حفاظتی پشتوں کی تعمیر اور شہداء پارک کالج کالونی میں تعمیر اتی مراحل کا معائنہ کیا ، ڈی سی سوات نے ٹھیکداروں کو ہدایت کی کہ کام میں وقت اور معیار کا خاص خیال رکھا جائے اور اردگرد کی آبادی کے لوگوں سے کم خلل ڈالا جائے ، انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں ماحول اور علاقائی کلچر کا بھی خیال رکھا جائے ،ڈپٹی کمشنر عامر آفاق نے قومی تعمیر نو کے محکموں کے حکام کو کہا کہ میرے آنے کا مقصد اس پراجیکٹ کے تحت جاری کام کا ازخود جائزہ لینا ہے اور اس منصوبے کے مکمل ہونے تک وہ بار بار خود معائنہ کریں گے ،انہوں نے کہا ہے کہ سوات بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ اپریل 2018تک مکمل کرلیا جائے جس میں ہماری کوشش ہے کہ سوات کی خوبصورتی کو مزید نکھارا جاسکیں ، میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ حکومت کی جانب سے کیا جارہا ہے جس پر ایک ارب روپے کی لاگت آئے گی جبکہ تمام فنڈز مہیاں کردیئے گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ سوات بیوٹیفیکیشن میں مختلف کام کئے جارہے ہیں جس میں اندرونی سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی جو تقریباً 32کلو میٹر پر محیط ہے ، اللہ چوک سے لے کر نشاط چوک ، رحیم آباد دو جنگی روڈ سے لیکر سہراب خان چوک ، بائی پاس روڈ کے علاوہ دیگر اندرونی سڑکیں اس میں شامل ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ گراسی گراؤنڈ کے لئے 6کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں فلڈ لائٹس ، فٹ بال ٹرف کا بچھانا شامل ہیں ،ا س طرح ودودیہ ہال جو صوبے کا سب بڑا ہال ہے اس پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ہال کی تزئین وآرائش کا کام جلد شروع کیا جائے گا ، انہوں نے کہا سوات کے تمام داخلوں علاقوں میں تعمیراتی اور بہتری کے کام کئے جائیں گے جبکہ لنڈاکے چیک پوسٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی ، رنگ دے سوات مہم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس مہم میں مینگورہ شہر کو خصوصاً توجہ کا مرکز بنایا جائے گا ، دیواروں اور دیگر سرکاری عمارتوں پر خوبصورت آرٹ بنائے جارہے ہیں تاکہ شہر کی خوبصورتی میں مزید نکھار پیدا ہو جائے