کالام روڈ کیوا کے مقام پر بلاسٹنگ کے باعث شدید ٹریفک جام، عوام اور سیاحوں کو مشکلات

سوات (نمائندہ خصوصی): کالام روڈ کیوا کے مقام پر بلاسٹنگ کے باعث شدید ٹریفک جام ہوگیا، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی، سیاحوں، مریضوں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق موقع پر تین ایکسیویٹر مشینیں موجود ہیں، تاہم صرف ایک مشین کے ذریعے کام جاری ہے، جس کی وجہ سے ملبہ ہٹانے اور راستہ بحال کرنے کا عمل سست روی کا شکار ہے۔
شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر بحرین سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تمام دستیاب مشینری کو فعال کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ بلاسٹنگ کے بعد ٹریفک کی روانی جلد بحال ہو سکے۔
مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ آئندہ بلاسٹنگ کا کام ایسے اوقات میں کیا جائے جب ٹریفک کی روانی کم متاثر ہو اور عوام و سیاحوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



