کالام: سیف اللہ جھیل میں لاپتہ لڑکی کی تلاش جاری، سرچ آپریشن گیارہویں روز بھی بے نتیجہ

سوات (عارف احمد): سیف اللہ جھیل میں لاپتہ ہونے والی لڑکی کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 سوات کا سرچ آپریشن گیارہویں روز بھی جاری رہا، تاہم تاحال لاپتہ لڑکی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سوات سید شعیب منصور کی ہدایات پر ریسکیو 1122 سوات کی واٹر ریسکیو ٹیمیں مسلسل سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ ریسکیو اہلکار جدید سرچ آلات اور دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آج کے سرچ آپریشن کے دوران سیف اللہ جھیل سے کالام کے زیریں علاقے پشیمال تک دریائے سوات کے راستے کی مکمل تلاشی لی گئی، تاہم لاپتہ لڑکی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
ترجمان ریسکیو 1122 سوات کے مطابق لاپتہ لڑکی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا اور مطلوبہ نتائج حاصل ہونے تک امدادی ٹیمیں اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔



