کالام میں کراچی کے سیاحوں کی گاڑی حادثے کا شکار، پانچ افراد زخمی، دو کی حالت تشویشناک

سوات (عارف احمد): اپر سوات کے سیاحتی مقام کالام کے علاقے اتروڑ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی موٹر کار بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر ایک بڑے پتھر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سوات کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو اہلکاروں نے تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کالام ہسپتال منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی معائنے کے بعد دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لیے سنٹرل ہسپتال سیدو شریف ریفر کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کا تعلق کراچی سے ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



