آج کی خبریںسوات کی خبریں

کالام میں 13ویں سنو جیپ ریس کا انعقاد 12 جنوری کو ہوگا

پشاور (نمائندہ خصوصی) محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا نے مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کی ہدایات پر کالام میں 13ویں سنو جیپ ریس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایونٹ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، فرنٹیئر 4×4 کلب، اپر سوات ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور پاک فوج کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

مشیر سیاحت زاہد چن زیب کے مطابق سنو جیپ ریس 12 جنوری کو کالام کے خوبصورت برف پوش میدانوں میں منعقد ہوگی، جس میں 50 سے زائد جیپیں حصہ لیں گی۔ اس ریس میں خواتین ڈرائیورز کی شرکت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے، جو اس ایونٹ کو مزید دلچسپ اور منفرد بنائے گی۔

ریس میں 4 کیٹیگریز شامل ہیں، جن میں زیرو ٹو 2500 سی سی، 2500 ٹو اوپن، ونٹیج اور لیڈیز کیٹیگری شامل ہیں۔ یہ کیٹیگریز ڈرائیورز اور شائقین کے لیے مختلف قسم کے چیلنجز اور دلچسپی فراہم کریں گی۔

مشیر سیاحت زاہد چن زیب نے مزید کہا کہ اس ریس کا مقصد نہ صرف خطے میں سیاحت کو فروغ دینا ہے بلکہ دنیا بھر کے سیاحوں کو خیبرپختونخوا کی دلکش ثقافت اور قدرتی حسن سے روشناس کرانا بھی ہے۔

واضح رہے کہ سنو جیپ ریس کالام سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور ہر سال ملک بھر سے سیاحوں اور ڈرائیورز کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button