ناصر عالم

کانجوٹاؤن شپ کے مسائل کون حل کرے گا

تحریر:ناصر عالم
ضلع سوات کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات کے حل میں حکومت اور دیگر حکام ناکام نظر آرہے ہیں جس کے سبب یہاں کے عوام کو قدم قدم پر نت نئے مسائل کا سامناکرنا پڑرہاہے،صفائی ستھرائی اورنکاسی آب کے ناقص نظام اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے سبب مینگورہ شہرکے قریبی علاقہ کانجوٹاؤن شپ کے ہزاروں عوام کا جینا محال ہوچکاہے،لوگوں نے ٹاؤن شپ میں اس لئے رہائش اختیار کی تھی تاکہ انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات میسر آئیں گی مگر سالہا سال گزرجانے کے باوجود بھی اس علاقے میں سہولیا ت کا نام ونشان نظر نہیں آرہا،علاقے میں صفائی ستھرائی کا نظام انتہائی ناقص ہے جس کے سبب یہاں پر گندگی کے ڈھیر پڑے نظرا ٓرہے ہیں جبکہ علاقے میں مویشی چر نے کے باعث گندگی میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ اہل علاقہ کو مشکلات کا سامنابھی کرنا پڑرہاہے، اس کے علاوہ یہاں پرصحت وتعلیم کی سہولیات بھی موجود نہیں،کئی سال قبل ہسپتال کی تعمیر کا کام شروع ہوا مگر کافی عرصہ سے وہ کام بھی بند پڑا ہے جبکہ پورے ٹاؤن میں سرکاری سکول،پینے کے پانی اورسٹریٹ لائٹس سمیت حکومت کی طرف سے دیگر کسی قسم کی سہولت موجود نہیں،ٹیوب ویل موجود ہے مگروہاں سے لوگوں کو ان کی ضرورت کے مطابق پانی نہیں مل رہا،آس پاس کے علاقوں کو سوئی گیس کی سہولت دی گئی ہے مگر ٹاؤن شپ کے عوام تاحال اس سہولت سے محروم ہیں جواس دور جدید میں مجبوراََ سوختنی لکڑی یاایل پی جی استعمال کررہے ہیں،انہوں نے کہاکہ ٹاؤن شپ کے کئی داخلی راستے ہیں جن پر مویشی،آوار ہ کتے اورچور بھی بڑی آسانی کے ساتھ علاقے میں داخل ہورہے ہیں جبکہ یہاں پر موجود پودوں کی نگہداشت او ردیکھ با ل کا انتظام بھی موجود نہیں سڑک بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے،انہوں نے کہاکہ یہاں پر جمعہ اور اتوار کو باہر کے علاوں سے سرپرے نوجوان آکرموٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ اور تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کے سبب ہروقت مقامی لوگوں کے سروں پر خطرے کے سائے منڈلاتے رہتے ہیں اس طرف بھی تاحال کسی نے توجہ نہیں دی ہے،ہم نے یہاں سکون کی خاطر رہائش اختیار کی مگر یہاں پر سکون کا نام ونشان نہیں،سہولیات بھی موجود نہیں جبکہ ذمہ داروں کی لاپرواہی کے سبب اہل علاقہ کو قدم قدم پر نت نئے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے،مقامی لوگ کہتے ہیں کہ ہم نے مسائل کی نشاندہی کیلئے گرینڈ جرگہ قائم کیا ہے جو چیئرمین ڈاکٹر احسان اللہ خان اور صدر غالب میاں کی قیادت میں مسائل کو اجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کررہاہے اور اس مقصد کیلئے نائب صدر ڈاکٹر فضل محمد،جنرل سیکرٹری بحرکرم خان،فنانس سیکرٹری اقبال علی خان ایڈووکیٹ،انفاررمشن سیکرٹری حمید الدین اور تمام ممبران بھی کوشاں ہیں جنہوں نے مختلف اوقات میں باربار ذمہ داروں کی توجہ اس طرف مبذول کرانے کی کوشش کی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی،حکومت اور دیگر حکام توجہ دینے کی زحمت تک گوارانہیں کرتے جبکہ ٹاؤن کے مسائل کے حل کیلئے قائم ایس ڈی ڈی اے بھی خاموش تماشائی کا کرداراداکررہاہے جہاں پر تعینات عملہ فرائض منصبی کی ادائیگی میں مکمل طورپر ناکام ہوچکاہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹاؤن شپ کیلئے دیگر غیر ضروری داخلی راستوں کو بند کرنے سمیت صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کیلئے موثر نظام بنانے سمیت کانجو ٹاؤن کی ترقی اور یہاں کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اور فوری اقدامات اٹھائے بصورت دیگر ہم عدالت سے رجوع کرنے پر مجبورہوجائیں گے۔

Related Articles

Loading...
Back to top button