کورونا کے مریضوں کو آب زم زم دیا جائے: امام کعبہ
ریاض(ویب ڈیسک)امام کعبہ نے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو آب زم زم دینے کی تجویز دی ہے۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق امام کعبہ شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کو نفسیاتی اور جذباتی امداد کے لیے آب زم زم فراہم کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے تمام اسپتالوں میں زم زم کا پانی فراہم کیا جائے جہاں کورونا وائرس کے مریض زیرعلاج ہیں اس سے متاثرہ افراد کو صحت یاب ہونے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس اب تک لاعلاج ہے، دنیا بھر کے سائنسدان اس کے علاج کے لیے ویکسین تیار کرنے میں سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ کووڈ-19 پر سب سے زیادہ تحقیق کرنے والی امریکی جونز ہاپکنز ہونیورسٹی کا کہنا ہے کہ فی الاحال یہ وائرس لاعلاج ہے، امکان ہے کہ اس کی ویکسین آئندہ سال یعنی 2021 تک تیار کر لی جائے گی۔ خیال رہے کہ عالمگیر وبا سے دنیا کے 200 سے زائد ممالک متاثر ہیں جس میں چین، امریکا، یورپی ممالک سمیت سعودی عرب اور پاکستان بھی شامل ہے۔