کپتان کے دعوے مہنگائی کے سونامی میں بہہ گئے،امیر مقام
زما سوات(یکم مئی2019ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) صوبہ خیبرپختونخواکے صدر انجینئرامیرمقام نے کہا ہے کہ تبدیلی سرکارنے عوام کو مہنگائی کے سونامی کی نذر کردیاہے، حکمرانوں کے ساتھ عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کوئی پروگرام نہیں، کپتان کے ساتھ کھلاڑیوں کی ٹیم میں کوئی بھی باصلاحیت کھلاڑی موجود نہیں،کمرتوڑ مہنگائی نے لوگوں کا براحال کردیاہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پورن میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی وسماجی شخصیات اورصحافیوں نے امیرمقام سے ان کی بھابھی کی وفات پر فاتحہ خوانی اورتعزیت کااظہاربھی کیا، انجینئرامیرمقام نے واضح کیا کہ الیکشن سے پہلے کپتان نے ایک بہترین ٹیم کے حوالے سے جووعدے کئے تھے، گزشتہ 9مہینوں میں ان کے دعوؤں کاپول کھل گیاہے اور ان کے دعوے حقیقت کے برعکس نکلے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکارنے اپنے 8ماہ کے دورحکومت میں عوام پر جس تیزی کیساتھ مہنگائی کے بم گرائے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کیوجہ سے ملک تباہ کن سمت جارہاہے حکمرانوں کے ساتھ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کسی قسم کا پروگرام نہیں ہے۔