کینیڈا سے وطن پہنچنے والے پی آئی اے کے 2 پائلٹس میں کورونا کی تصدیق
اسلام آباد(ویب ڈیسک)کینیڈا سے وطن واپس آنے والی پی آئی اے کی پرواز کے 2 پائلٹس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ پی آئی اے کا عملہ ٹورنٹو سے پرواز لے کر واپس آیا تھا، اسکریننگ کے دوران پی آئی اے کے دو پائلٹس اور عملے کے دیگر تین ارکان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے دونوں پائلٹس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے تصدیق کی ہے کہ پائلٹس کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد انہیں لاہور کے نجی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر ہے۔ منفی ٹیسٹ کے حامل عملے کے دیگر 3 ارکان کو 15 دن الگ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی آئی اے کے پائلٹس کی نمائندہ تنظیم پالپا نے خدشات کے پیش نظر پروازیں اڑانے سے انکار کر دیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ایئرپورٹ پر برطانیہ سے آنے والی پرواز میں بھی تین مسافر مشتبہ نکلے، پرواز پی کے 792 کے زریعے برمنگھم سے 132 مسافرلیکر اسلام آباد پہنچی تھی، دوران اسکریننگ 3 مسافروں کے جسم کا درجہ حرارت زیادہ نکلا، یاسر، علی اور یاور کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مسافر طیارے میں موجود تمام 129 مسافروں کو مختص ہوٹلوں کے قرنطینہ میں منتقل کردیا گیا جہاں مسافروں کے سمپلز ہوٹلوں بھی لیے جائیں گے اور کوروناوائرس ٹیسٹ منفی آنے پرمسافروں کو گھر جانے کی اجازت ملے گی۔