کے پی کابینہ سے شہرام ترکئی اور عاطف خان سمیت تین وزراء فارغ
پشاور(ویب ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں سینئر صوبائی وزیر عاطف خان، شہرام ترکئی اور شکیل احمد کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا بتایا گیا۔خیبرپختونخوا کابینہ سے فارغ ہونے والے اراکین میں صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی، سینئر وزیرکھیل، ثقافت اور سیاحت عاطف خان اور وزیر ریونیو اور اسٹیٹ شکیل احمد شامل ہیں۔
عاطف خان بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے نالاں تھے اور وہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کر کے انہیں اپنے خدشات سے آگاہ کرنا چاہتے تھے لیکن عاطف خان کی وزیراعظم سے ملاقات سے پہلے ہی تین صوبائی وزراء کو فارغ کر دیا گیا۔اس حوالے سے وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر تینوں وزراء کو خیبرپختونخوا کابینہ سے نکالا گیا ہے۔شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ جن وزراء کو نکالا گیا ہے ان میں ایک وزیر وزارت اعلیٰ کے امیدوار بھی تھے۔
انہوں نے کہا کہ گروپ بندی میں پارٹی خاموش رہتی ہے تومسائل پیدا ہوتے ہیں، وزیراعلیٰ کے بعد سب سے اہم وزارت جس شخص کوملی وہ مسائل پیدا کرتا رہا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وزیراعظم عمران خان کو شکایت لگائی تھی کی کچھ وزراء کی وجہ سے کام کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جس پر وزیراعظم عمران خان نے ان وزراء کو ہٹانے کی ہدایت کی تھی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ 15 سے 16 افراد کا ایک پریشر گروپ تھا جس میں دو خواتین اور تین صوبائی وزیر بھی شامل تھے اور مزید 9 اراکین اسمبلی کے نام بھی وزیراعلیٰ کے پی کو بھجوائے جا چکے ہیں جس پر بہت جلد فیصلہ کیے جائیں گے۔