گورنمنٹ ہائی سکول اسلامپور کےغریب طلبہ کے لیے ویلفیئر فنڈ قائم
سوات(زماسوات ڈاٹ کام)گورنمنٹ ہائی سکول اسلامپور کے طلبہ میں بیگز، یونیفارم اور نوٹ بکس تقسیم، غریب طلبہ کے لیے ویلفیئر فنڈ قائم، تفصیلات کے مطابق سلامپور کاٹیج انڈسٹریز ایسوسی ایشن کی جانب سے گورنمنٹ ہائی سکول اسلامپور کے طلبہ میں بیگز، یونیفارم اور نوٹ بکس تقسیم کئے گئے۔اس سلسلے میں سکول میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں تنظیم کے ایگزگٹیو ڈائریکٹر حاضرگل، سابق ضلعی کونسلر شاہ ولی خان، ویلج کونسل اسلامپور کے سابق چیئرمین اور ممبران نے شرکت کی۔ اسلامپور کاٹیج انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے ایگزیگٹیو ڈائریکٹر حاضرگل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ہمیشہ سے کوشش ہے کہ علاقے میں تعلیم کی ترقی کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ علاقے میں غربت زیادہ ہے اور زیادہ تر طلبہ کو تعلیمی اخراجات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس لئے اسلامپور کاٹیج انڈسٹریز ایسوسی ایشن وقتاً فوقتاً تعلیم کے شعبے میں معاونت کرتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکول میں ایک ویلفیئر فنڈ کے قیام سے غریب طلبہ کی مدد آسانی سے کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس فنڈ میں پندہ ہزار روپے جمع کرانے کا اعلان کیا۔ تقریب میں چار سو سے زیادہ بچوں میں بیگز، یونیفارم اور نوٹ بکس تقسیم کئے گئے۔