گورنمنٹ ہائی سکول شگئی کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دے دیا گیا
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا ہے کہ معیاری تعلیم کے لئے بنیادی تعلیمی ڈھانچے میں اصلاحات نہایت ہی ضروری ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا نے اس پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے سرکاری سکولوں میں سہولیات کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف اضلاع میں سکولوں کو اپگریڈ بھی کررہی ہے، اسی طرح بچوں کی ذہنی نشونما اور تعلیمی ماحول میں مثبت تبدیلیوں کے فروغ کے لئے اساتذہ کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے تعلیم کے حصول میں کسی قسم کی بھی دشواری کا سامنا نا کریں اور بچے چاہیں امیروں کے ہوں یا غریب کے سب کو ایک جیسا تعلیمی ماحول ملے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شگئی سیدوشریف میں گورنمنٹ ہائی سکول کو ہائیر سکینڈری کا درجہ پانے اور کلاسز کے اجراء کے موقع پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کے نہایت مشکور ہیں جنہوں نے شگائی کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا اور گورنمنٹ ہائی سکول شگئی کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہائیر سیکنڈری کا درجہ ملنے سے شگئی میں زیر تعلیم بچوں کو ہائیر سیکنڈری تعلیم کی سہولت گاؤں میں ہی میسر آئے گی جس کے لئے انہیں دور دراز کالجوں کا رخ کرنا پڑتا تھا اور اکثریت داخلے سے محروم رہ جاتے تھے۔