ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے منصوبوں سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا،محمود خان
سوات (زما سوات ڈاٹ کام ۔26اگست 2017ء )خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، میوزیم ، امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے صوبے میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے مختلف مقامات پرشروع کردہ ایک ہزار مائیکرو ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن میں سے کچھ مکمل ہو گئے ہیں اور کچھ تکمیل کے مراحل میں ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں لوڈشیڈنگ کا مستقبل بنیادو ں پر خاتمہ ہو جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خوازہ خیلہ سوات میں مٹہ فور فیڈر کے افتتاح کے موقع پرموجود لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، واضح رہے کہ یہ فیڈر تقریباً تین کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہو گی جس سے تحصیل مٹہ میں کم وولٹیج اور اوور لوڈنگ کا سنگین مسئلہ مستقل بنیادوں پر ختم ہوگا، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے کے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہی ہے، درال خوڑ منصوبے پر عنقریب تعمیراتی کام مکمل ہو جائے گا اور اس کے پیدا کردہ بجلی سے سوات کے عوام مستفید ہوں گے، انہوں نے کہا کہ گرڈ اسٹیشن وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن وفاقی حکومت عوام کو درپیش مسائل حل کرنے میں غفلت کی مرتکب ہورہی ہے، ملک کی سیاسی جماعتوں نے کبھی اسلام ، کبھی پختونوں اور کبھی روٹی ، کپڑا اور مکان کے نام پر عوام کو دھوکے دئیے ۔ لیکن عمران خان واحد لیڈر ہے جس نے ملکی وسائل پر قابض مافیا کو چیلنج کیا جو گزشتہ 65سالوں سے اس ملک کے وسائل پر قابض چلے آرہے ہیں اور جب تک عوام کو ان سے چھٹکارا نہیں ملے گا پی ٹی آئی کا ہر کارکن ور ہنما چھین سے نہیں بیٹھے گا ۔