یونین کونسل میں ترقی یاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے،عزیزالحق
یونین کونسل سیدوشریف کے نائب ناظم عزیزالحق خان نے کہاہے کہ وہ اوران کے ساتھی ایک جذبے کے تحت خدمت کے میدان میں متحر ک رہتے ہیں،بحیثت نائب ناظم ہم نے محدودفنڈکے باوجود یونین کونسل سیدو شریف کے گلی کوچوں اور ندی نالوں کی تعمیر ومرمت سمیت دیگر ترقیاتی کام بھی تکمیل تک پہنچادئے ہیں جبکہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے نوئے سحر فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے دکھی انسانیت کی خدمت کررہے ہیں،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپنے گھر میں یتیم اور بے سہارا بچوں کیلئے مفت ٹیوشن سنٹر کھول دیا ہے جہاں پر ستر کے لگ بھگ بچوں اور بچیوں کوزیور تعلیم سے آراستہ کررہے ہیں اس کے علاوہ بڑی عمر کی خواتین کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کیلئے گھر میں ایک مدرسہ بھی کھول دیا ہے جہاں پر درجنوں خواتین کوقرآن پاک پڑھایا جاتا ہے اس کے علاوہ ہماری ٹیم نے کئی بے سہارا بچوں کو مختلف پرائیویٹ سکولوں میں داخل کرادیا ہے جن کے تعلیمی اخراجات ہماری ٹیم اپنی جیب سے پورے کررہی ہے،انہوں نے کہاکہ نادار اورضرورتمندمریضوں کیلئے ادویات اورخون بھی فراہم کرتے ہیں اور خصوصاََ تھیلی سیمیا میں مبتلا بچوں کوبروقت خون فراہم کرنے کیلئے مستقل انتظام کررکھاہے،انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ بحیثیت چیئرمین اصلاحی کمیٹی ہم لوگوں کے مابین موجود رنجشیں اور عداوتیں ختم کرانے کیلئے بھی کام کررہے ہیں اور اب تک متعدد لوگوں کے مابین صلح اورراضی نامے بھی کرائے ہیں،انہوں نے کہاکہ ہمارامقصد صرف اور صرف دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے اوراس مقصد کے حصول کیلئے تمام تر دستیاب وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لارہے ہیں،انہوں نے کہاکہ جو لوگ دل میں دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں وہ ہمارے قافلے میں شامل ہوسکتے ہیں۔