یونیورسٹی آف سوات کے حوالے سے جائزہ اجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا
سوات(زما سوات ڈاٹ کام) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کی زیر صدارت چار باغ میں یونیورسٹی آف سوات میں ترقیاتی کاموں کے پیشرفت سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم این اے ڈاکٹر حیدر علی خان، یونیورسٹی آف سوات کے وائس چانسلر،رجسٹراراور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات نے فضل حکیم خان ممبرانِ صوبائی و قومی اسمبلی کو یونیورسٹی کی اب تک کی کارکردگی اور ترقیاتی کاموں پر پیشرفت سے آگاہ کیا، بعد میں یونیورسٹی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی بحث ہوئی اور یونیورسٹی آف سوات کی بہتری سے متعلق ضروری فیصلے کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فضل حکیم خان نے کہا کہ یونیورسٹی آف سوات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں اور زیر تعمیر بلڈنگ میں کام مکمل ہونے پر تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو 2022 کے آخر تک کیمپس میں شفٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان مارچ میں یونیورسٹی آف سوات کا دورہ کرینگے جس کیلئے انتظامات جاری ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا شکریہ بھی ادا کیا کہ وہ یونیورسٹی آف سوات سمیت انجینئرنگ یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی منصوبوں کیلئے خاطر خواہ اقدامات کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تعلیمی اداروں کے قیام سے ضلع سوات میں تعلیمی انقلاب برپا ہوگا اور ضلع کے نوجوانوں کو علاقے میں ہی بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا اجلاس میں چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے یونیورسٹی انتظامیہ کو تمام امور میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعدازاں چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان اور ایم این اے ڈاکٹر حیدر علی خان نے ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیا اوریونیورسٹی آف سوات کیمپس میں پودے بھی لگائے۔